جموں// جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں جنگجوؤں کی ہلاکت پر ہڑتال کالیں دینے والوں سے بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت جنگجوؤں اور سرحد پر پاکستانی فوج کے ساتھ سختی سے نمٹ رہی ہے۔ نرمل سنگھ نے تکروٹہ نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ اپوزیشن کہتی ہے کہ بات چیت کرو لیکن کس سے بات چیت کی جائے،جو معصوموں کو ہلاک کررہے ہیں۔ کیا ہم اْن سے بات چیت کریں؟ کیا وہ چاہتے ہیں کہ ان لوگوں سے بات چیت کی جائے جو حوالہ کے ذریعہ پیسے لیکر پتھربازوں کو اکساتے ہیں؟ کیا وہ چاہتے ہیں کہ حریت کے ان لیڈروں سے بات کی جائے جو جنگجوؤں کے مرنے پر ہڑتال کی کال دیتے ہیں اور جب کسی معصوم کا قتل ہوتا ہے تو خاموش بیٹھ جاتے ہیں۔ اپوزیشن صرف سیاست کررہی ہے۔ حکومت جنگجوؤں اور سرحد پر پاکستانی فوج کے ساتھ سختی سے نمٹ رہی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی سابقہ حکومتوں نے مان لیا تھا کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے اور وہ دہشت گردی پر کوئی بات نہیں کرتی تھیں۔