عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ تعمیری تنقید پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، لیکن اس کا مقصد ترقی ہونا چاہئے،نفرت پھیلانا نہیں۔ اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اور لینگویجزنے کشمیر میوزک کلب سرینگر کے تعاون سے یوم جمہوریہ 2025کی تقریبات کے پیش خیمہ کے طورپر ایک خصوصی ثقافتی پروگرام ’’جشن جمہور‘‘کے حاشئے پر نامہ نگاروںسے بات کرتے ہوئے وانی نے کہا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے صرف چند ماہ ہوئے ہیں اور چیلنجوں سے نمٹنے میں وقت لگتا ہے۔انہوں نے کہا ’’بہت سے موجودہ مسائل سابق حکومتوں کے ماضی کے فیصلوں کا نتیجہ ہیں اور اگر وہ (اپوزیشن)سمجھداری سے کام لیتے تو آج صورتحال بہتر ہو سکتی تھی‘‘۔سونہ مرگ ٹنل کی افتتاحی تقریب میں پارلیمنٹ ممبر آغا روح اللہ کی غیر موجودگی کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے ناصر اسلم نے کہا کہ اس فرد کے جنوبی کشمیر میں پہلے سے وعدے تھے۔ انہوں نے اجتماعی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اتحاد اور تعاون پر زور دیا۔مشیر موصوف نے مستقبل کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ہمیں امید ہے کہ ہمارے نوجوانوں کیلئے بہتر مواقع، پھلتا پھولتا سیاحت کا موسم اور باغبانی کے شعبے میں ترقی ہوگی۔ پچھلے 30-35برسوں کے تنازعات میں خطے کو بہت نقصان پہنچا ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم ان چیلنجوں پر قابو پالیں گے اور ایک روشن مستقبل بنائیں گے‘‘۔خیال رہے کہ یہ تقریب آنجہانی بھجن سوپوری آڈیٹوریم، پولو ویو سرینگرمیں منعقد ہوئی ۔ اس پروگرام میں جموں و کشمیر کے معزز وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ گلمرگ کے ایم ایل اے اور سابق بیوروکریٹ فاروق احمد شاہ مہمان ذی وقار تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر اسلم وانی نے اتحاد اور حب الوطنی کو فروغ دینے میں ثقافتی پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے فنکاروں کی حمایت اور خطے کے امیر ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ فاروق احمد شاہ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے موسم سرما کے مشکل حالات کے باوجود اتنی خوبصورتی سے ترتیب دی گئی تقریب کا انعقاد کیا ۔اکیڈمی کے ڈویژنل ہیڈ مسٹر شکیل الرحمٰن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جس میں آرٹ کی مستند شکلوں کے تحفظ اور فروغ اور جموں و کشمیر میں مستحق فنکاروں کو مدد فراہم کرنے کے اکیڈمی کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقعہ پر معروف آرٹسٹ، آرٹ پروموٹر اور کشمیر میوزک کلب سرینگر کے چیئرمین وحید جیلانی ،جنہوں نے تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔ پروگرام میںکشمیری فنکاروں کی پرفارمنس پیش کی گئی، جن میں ایم اے شاخساز، جی اے صوفی، قیصر نظامی،، منیر احمد میر، وحید جیلانی، شاہی ممتاز اور دیگر فنکاروں نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں جوش اور جذبے کو بڑھاتے ہوئے سریلی حب الوطنی کے گیتوں سے حاضرین کو مسحور کیا۔