پونچھ//جموں کشمیر اپنی پارٹی کی پونچھ اکائی نے ضلع ہیڈکوارٹر پر نوجوانوں کی ایک تقریب منعقد کی جس کی صدارت پارٹی کے ضلع صدر اور سابق ایم ایل اے شاہ محمد تانترے نے کی۔اس دوران ضلع بھر کے کئی نوجوانوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جن کا استقبال پارٹی لیڈران نے ہار پہنا کر کیا۔بعد از آں پارٹی لیڈران نے نوجوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے مختلف امور پر بحث مباحثہ کیا جہاں نوجوانوں نے حکومت کے دیہی علاقعوں میں شراب کی دوکانیں کھولے جانے کے حکم نامہ پر اپنی تشویش ظاہر کی انکا کہنا تھا کہ پچھلے کئی سالوں سے وہ اس امید میں تھے کہ سرکار انکو روزگار فراہم کرے گی لیکن افسوس جس طرح سے سرکار نے اس حکم نامہ کو جاری کیا اس کی وجہ سے انکی ساری خوشیاں اور امیدیں مٹی میں مل گئی ہیں۔نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انھیں یقین ہے کہ جموں کشمیر اپنی پارٹی کی نوجوانوں کی رہنمائی کرے گی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس پارٹی میں سابق تانترے کی قیادت میں شامل ہوئے ہیں۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر شاہ محمد تانترے و جنرل سکریٹری سردار سرجن سنگھ نے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے اس وقت جبکہ منشیات کا سلسلہ عروج پر ہے اسکے باوجود سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دیگر نوجوان ساتھیوں کو اس منشیات جیسی لت سے دور رہنے اور خاص کر شراب کی لت سے دور رہنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کے تمام کارکنان انکا پورا ساتھ دیں گے اور مرکزی حکومت تک بھی ان نوجوانوں کی یہ آواز سرکار کے کانوں تک پہنچائیں گے کہ نوجوانوں کو نشہ نہیں بلکہ روزگار کی ضرورت ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ سرکار اس پر نظر ثانی کرے گی۔
اپنی پارٹی میں نوجوانوں کی شمولیت
