جموں//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی لوگوں کے لئے ایک امید بن کر اُبھری ہے اور جموں وکشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے جدوجہد میں لوگوں کی بھر پور حمایت مل رہی ہے۔ ان باتوں کا ذکر انہوں نے پارٹی دفتر گاندھی نگر میں پارٹی یوتھ ونگ نائب صدر اور میڈیا کارڈی نیٹر رقیق احمد خان کی طرف سے منعقدہ جوائنگ پروگرام میں کیا۔ اس موقع پر بالاکوٹ سے پی ڈی پی لیڈ ر اور پنچ م حمد کبیر خان اور محمد نصیب اللہ خان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اُن کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے وکرم ملہوترہ نے کہاکہ اِس سے مینڈھر میں پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو پارٹی سے کافی اُمیدیں وابستہ ہیں جنہیں یقین ہے کہ پارٹی کی طرف سے جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ دلانے کے لئے شروع کی گئی جدوجہد منطقی انجام تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہاکہ نوکریوں پر ڈومیسائل حقوق اور دیگر کئی امور کی موثر نمائندگی کرنے سے اپنی پارٹی نے لوگوں کے اعتماد کو جیتا ہے۔ صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے کہاکہ ہماری جماعت کبھی جذباتی نعرؤں پر یقین نہیں رکھتی، ہم وہی کہتے ہیں،جو قابل ِ حصول ہو۔ اس موقع پر رقیق خان نے مینڈھر میں لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن کے نزدیک واقعہ اِس خطہ میں سڑکوں کی حالت خستہ ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بحرانی صورتحال ہے، بیشتر لفٹ اسکیمیں غیر فعال ہیں۔