رام بن//نومبر29 //محمد فاروق نے کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دیکر اپنی پارٹی کے منڈیٹ پر ڈی ڈی سی حلقہ رام بن ۔اے سے کاغذات نامزدگی بھرا۔ پریس بیان کے مطابق اپنی پارٹی نے محمد فاروق کو رام بن اے میں اُن کی عوامی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے منڈیٹ دیا ہے جوکہ کئی سالوں سے ضلع میں لوگوں کی بہبودی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ فاروق ضلع رام بن سے کانگریس پارٹی کے بلاک صدر تھے جنہوں نے حمایتوں سمیت پارٹی چھوڑ کر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ کاغذات نامزدگی فارم بھرنے کے بعد فاروق نے اعتماد ظاہر کرنے کے لئے اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری، نائب صدر اعجاز احمد خان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ڈی سی حلقہ رام بن اے تعمیر وترقی کے لحاظ سے کافی پسماندہ ہے اور سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ فاروق نے کہاکہ اُن کے حلقہ میں لوگ بنیادی سہولیات سڑکر ابطہ، مناسب پبلک ٹرانسپورٹ، صاف پانی اور بجلی سپلائی جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں صحت شعبہ کا نظام بھی درہم برہم ہے جس طرف حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔ انتخابی مہم کی مناسبت سے منعقدہا یک پروگرام میں انہوں نے کہا’’میں یقین دلاتاہوں کہ صحت ، تعلیم اور دیگر روز مرہ عوامی ضروریات کو پورا کرؤں گا، لوگوں کے معیار حیات کو بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کرؤں گا‘‘۔اس دوران اقبال احمد تانترے، منظور احمد، وسیم احمد، سجاد احمد، محمد رفیق، پرویز احمد، عبدالرشید، محمد خالد، محمد ارشاد، شیخ شبیر احمد، حاجی بشیر، چوہدری عیسی اور محمد اقبال نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی کو مضبوط ومستحکم بنانے کا عہد کیا۔