عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک اہم پیش رفت میں اپنی پارٹی نے بارہمولہ کے اوڑی حلقہ انتخاب میں آزادامید وار تاج محی الدین کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان پارٹی سربراہ الطاف بخاری نے پارٹی صدر دفتر سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے سرکردہ لیڈران اور خود تاج محی الدین موجود تھے۔ بخاری نے کہا ’’ اپنی پارٹی نے اوڑی میں تاج محی الدین کو مکمل حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگوں کے وسیع تر مفاد میں، ہم جب بھی اور جہاں بھی مناسب سمجھیں گے اپنے ہم خیال افراد کی حمایت کریں گے‘‘۔قابل ذکر ہے کہ تاج محی الدین جموں و کشمیر کے سینئر ترین سیاستدانوں میں شامل ہیں اور وہ ماضی میں کئی بار مختلف وزارتوں کے قلمدان سنبھال چکے ہیں۔ اس موقع پر تاج محی الدین نے اپنی پارٹی اور اس کی قیادت کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔پریس کانفرنس میں اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع نائب صدر بارہمولہ محمود بخاری، پارٹی انچارج برائے اوڑی حلقہ انتخاب چودھری مشتاق، صوبائی سیکرٹری نجیب نقوی، سینئر لیڈر جاوید پنڈت اور دیگر لیڈران موجود تھے۔ادھربڈگام اسمبلی حلقہ سے اپنی پارٹی کے امیدوار، منتظر محی الدین نے پیر کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تاکہ ’’لوگوں کو مستحق امیدوار کو منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔منتظر کا کہنا تھا کہ بڈگام حلقہ سے انتخابی میدان میں بہت سے بڑے نام ہیں، جو لوگوں کے لیے اسمبلی میں بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔غور طلب ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبداللہ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار آغا سید منتظر مہدی ان دس امیدواروں میں شامل ہیں، جو اس نشست کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔