اپر روپ نگر کے نابینااسکول میں 10 بچوں کا کویڈ ٹیسٹ مثبت | ڈی ایم نے اسکول کو جموں کا 10 واں مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا

جموں//اپر روپ نگر میں کچھ لڑکیوں سمیت ایک نابینا اسکول کے دس بچوں کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اس کے بعد انسٹی ٹیوٹ کی گلی کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ کووڈ 19 کے مثبت معاملات سامنے آنے کے ساتھ ہی، جموں کے ضلع مجسٹریٹ، انشول گرگ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں جانی پور میں فائر بریگیڈ آفس، اپر روپ نگر، جموں ضلع کے نزدیک بینائی سے محروم لڑکیوں کے لیے لوئس بریل میموریل ریزیڈنشیل اسکول کے قریب لین کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا ہے۔ اس زون میں، ضروری خدمات کے علاوہ، سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ دو دن پہلے، انہوں نے نابینا اسکول سے ایک بچے میں کویڈ کے علامات پائے گئے جس کے بعد وہ  کوویڈ 19 مثبت پایا گیا اورپھر اس کے رابطے میں آنے والے 25 بچوں کے نمونے بھی لئے گئے ہیں۔محکہ صحت کے عہدیدار نے کہا کہ نمونوں کی رپورٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے 10 رابطے کوویڈ 19 مثبت تھے اور کچھ میں کھانسی وغیرہ جیسی علامات تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثبت بچوں کو انسٹی ٹیوٹ میں منفی بچوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے ان کا علاج شروع کر دیا ہے۔ دریں اثنا، محکمہ صحت نے جموں ضلع میں 20 کوویڈ 19 مثبت کیسز، ادھم پور میں ایک کیس، راجوری سے 2، ڈوڈہ سے 7، کشتواڑ سے 1، پونچھ سے 4، رام بن سے 1، اور ریاسی سے 2 مسافروں ( یاتریوں) سمیت 4، جموں خطے سے 7 مسافروں سمیت کل 40 کوویڈ 19 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ 
 
 
 

ڈوڈہ میں کویڈ 19 کے 7 نئے مثبت معاملات 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میںبدھ کو کویڈ 19 کے 7 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 6 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کویڈ جانچ کے دوران سات افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور چھ مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 40 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7819 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اب تک کویڈ 19 سے 134 افراد فوت ہوئے ہیں اور 594484 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
 
 
 

کویڈ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ | رام بن میں کویڈ جانچ اور ٹیکہ کاری کا عمل جاری

رام بن//پورے ضلع رام بن میں کویڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے انفورسمنٹ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے بدھ کو خلاف ورزی کرنے والوں ، ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے والوں سے اپنے دائرہ اختیار میں معائنہ کے دوران 13,700 روپے جرمانہ وصول کیا۔ تفصیلات کے مطابق 1 اپریل 2021 سے اب تک جرمانے کی کل رقم 72لاکھ 84ہزار 500روپے وصول کئے گئے ہیں ۔ انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کویڈ ٹیکہ کاری مراکز پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ ضلع امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ پورے ضلع رام بن میں 1229 افراد کو کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی۔ چیف میڈیکل آفیسر، رام بن، ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق، محکمہ صحت نے 2561 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 650 آ رٹی-پی سی آر اور 1911آر اے ٹی نمونے شامل ہیں، اس کے علاوہ ضلع میں مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 1229 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ہے۔