پونچھ+راجوری//سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر پونچھ اور راجوری کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے زنانہ پارک پونچھ میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیاگیا جہا ں پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا،ایم ایل سی پردیپ شرما اور دیگر پارٹی کارکنان نے اٹل بہاری واجپائی کی تصویر پر پھول چڑھا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔اس دوران پارٹی کارکنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ہندوستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عوام نے ایک قائد کو کھویا ہے۔ اسی حوالے سے ایک تعزیتی اجلا س نیشنل کانفرنس کے صوبہ جموں کے نائب صدر چوہدری نذیر حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں منعقد کیا گیا جہاں یوتھ کے صوبائی نائب صدر شفیق حسین بابا اور سٹی ترجمان نیشنل کانفرنس پونچھ کمل جیت سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی عوام ایک بہت بڑے لیڈر سے محروم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اٹل بہاری واجپائی آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے ساتھ جڑے تھے لیکن ان کی پالیسی بالکل ان تنظیموں سے الگ تھی ۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں جس طرح اٹل بہاری واجپائی نے کام کئے اس کے لئے ہندوستانی عوام انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔غیر سرکاری تنظیم نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آگنائزیشن کے چیئرمین عظیم علی شاہ نے بھی اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر سخت رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واجپائی کی موت سے بہت بڑا قومی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی برصغیر کی قدآور سیاسی شخصیت تھے۔غیر سرکاری تنظیم یشن کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ نے کہاکہ بھارت کے تین بار وزیراعظم رہنے والے بی جے پی رہنما عوام کے لئے بہت سے ایسے کام کر گئے ہیں جن کے لئے انہیں یہاں کی عوام بھلا نہیں سکتی۔انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ مرحوم کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ واجپائی نے پاکستان بھارت دوطرفہ تعلقات میں بہتری کا بیڑہ اٹھایا تھا اور اس حوالے سے انہوں نے بڑی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک کی سیاست میں بہت بڑاخلاء پیدا ہوا ہے۔دریں اثناء سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی وفات پر ڈاک بنگلہ راجوری میں بھاجپا کارکنان کی طرف سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیاگیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے کہاکہ اٹل بہاری ملک کے ہر ایک شہری کے دلوں میں ہمیشہ رہیںگے ۔ان کاکہناتھاکہ ان کی تقریریں ، نظمیں اور شخصیت منفرد تھی اور انہیں ان کے کارناموں کی وجہ سے یاد رکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ خاص طور پر ان کی ’جنگ نہیں ہونے دیں گے‘نظم کو یاد رکھاجائے جو انہوں نے اپنے دورہ ٔ لاہور کے دوران پڑھی تھی ۔انہوں نے کہاکہ انہی کے دور میں ملک نے نیوکلائی تجربہ کیا ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے پہاڑی مشاورتی بورڈ کے سابق وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا نے کہاکہ اٹل جی ہمیشہ امن و مسئلہ کشمیر کے حل کے داعی رہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ ایک منجھے ہوئے سفارتکار ، دوراندیش سیاسی رہنما اور معروف شاعر تھے ۔تعزیتی اجلا س سے بھاجپا کے ضلع صدر راجوری دنیش شرما، سٹی صدر وکی دت ، بھارت وید ، اتم گپتا، وجے گپتا، کمل گپتا، اشوانی کوچھر، راجہ رتن ، انجو کھلر ، رینو گپتا ، کوشل گپتا، نشل گپتا، نتیش چب، نشو گپتا، وجے شرما، جسویر سنگھ ، ریکھا شرما، سنجے دت وغیرہ بھی موجو دتھے ۔دریں اثناء تھنہ منڈی کی سیاسی ،سماجی اور ادبی تنظیموں نے ملک کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناتھاکہ اٹل جی ایک دو راندیش سیاسی رہنماتھے جن کی موت سے ایسا خلا پیدا ہواہے جسے کبھی پُر نہیں کیاجاسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے دور میں آ ر پار اعتماد سازی کے اقدامات شروع ہوئے جن کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے رہنما بہت کم ہوتے ہیں جو لوگوںکے دلوں میں جگہ بنالیں اور اٹل جی کا شمار انہی رہنمائوں میںہوتاہے۔