آگ متاثرین کو معاوضہ دینے کی مانگ

 منڈی//منڈی تحصیل کے چھول گگڑیاں میں اچانک آگ کی واردات میں چار کنبوں کے رہائشی مکانات جل کر راکھ ہوگئے ۔اس سلسلہ میں سنی علماء کونسل کے ذمہ داران جمعہ علی الصبح موقع پر پہنچے اور متاثرہ کنبوں کے دکھ درد میں شریک ہوئے ۔انہوں نے موقع پر پہنچ کر جائے واردات کا مکمل مشاہدہ کیا ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پیش آئے حادثے میں غلام رسول ولد عبد الاحد، بشیر احمد ولد حبیب اللہ، مشتاق احمد ولد گلزار احمد جاوید احمد ولد نذیر احمد سکنہ چھول گگڑیاں کے رہائشی مکانات اچانک آگ بھڑنے سے خاکستر ہوگئے تھے ۔سنی علماء کونسل کے صدر مولانا سید شاہد حسین بخاری کی قیادت میں کونسل کے ذمہ دار علماء وآئمہ کرام موقع پر پہنچے اور متاثرین کو تنظیمی طور حسب توفیق امداد کا اعلان کیا اور ساتھ ہی ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان لوگوں کی ساری زندگی کی جمع پونجی نذر آتش ہوچکی ہے اور اب یہ لوگ صرف دو دو کپڑوں میں زندہ ہیں ہر چیز جل کر راکھ کے ڈھیر کا منظر پیش کررہی ہے لہذا انتظامیہ ان کی بازآبادکاری کیلئے زیادہ سے زیادہ اور جلد سے جلد مدد فراہم کی جائے ۔انہوں نے فلاحی تنظیموں کے اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس مشکل وقت میں وہ آگے آئیں اور متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے ان کی مالی امداد کریں ۔ اس وفد میں مولانا مفتی غلام محمد نعیمی صدر سنی علماء کونسل ضلع پونچھ مولانا عبد الحمید نعیمی آرگنائزر سنی علماء کونسل ،مولانا مفتی معروف اشرفی کوآرڈی نیٹر سنی علماء کونسل ،مولانا نثار احمد نعیمی صدر سنی علماء کونسل تحصیل منڈی ،مولانا ریاض احمد قادری جنرل سکریٹری سنی علماء کونسل تحصیل منڈی ودیگر اراکین بھی موجود تھے ۔