آفات سماوی کے دوران بچائو، ہائر سیکنڈری سکول صورہ میں تربیتی پروگرام

ارشاد احمد
سرینگر//جموں کشمیر اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف بحالی اور تعمیر نو نے سول ڈیفنس سرینگر کے تعاون سے گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول صورہ میں آفات سماوی سے بچنے کیلئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی انجینئر عامر علی نوڈل افسر موجود تھے جبکہ دیگر اراکین میں غلام حسن سمجھی ڈپٹی ڈائریکٹر کنٹرولر سول ڈیفنس سرینگر،سکول کے پرنسپل پروفیسر محمد امین بیگ سمیت اساتذہ اور طلبا موجود تھے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض سینئر لیکچرار شیخ نیاز نے انجام دی۔ماہرین کی جانب سے عملی تربیت شوکت احمد اور مدثر احمد نے دی جبکہ سول ڈیفنس کے اے ایس آئی طارق احمد شاہ نے اس کی سہولت فراہم کی۔تربیتی پروگرام میں 100سے زائد طلبا، فیکلٹی ممبران اور غیر تدریسی عملے نے حصہ لیا، جس میں ابتدائی طبی امداد کے بنیادی طریقے، فائر فائٹنگ، تلاش اور بچا کی تکنیکیں شامل تھیں۔اس موقع پر موک ڈرل بھی منعقد کی گئی جس میں طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔