بانہال // بانہال میں نوجوانوں کی طرف سے آصفہ کے فوری انصاف کیلئے ایک احتجاجی کینڈل مارچ نکالا گیا جس کی قیادت نوجوان لیڈر دانش فاروق میر کر رہے تھے ۔ اتوار کی شام ٹورسٹ ہوسٹل بانہال سے نوجوانوں نے ایک جلوس نکالا اور وہ شاہراہ پر نعرے لگاتے ہوئے اور شاہراہ پر کئی چکر لگانے کے بعد بس سٹینڈ بانہال میں موم بتیاں جلا کر آصفہ بانو کو فوری طور پر انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے آصفہ کو انصاف دو اور مجرموں کو پھانسی دو کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے – اس کینڈل مارچ کی قیادت یوتھ لیڈر اور کرکٹر دانش فاروق میر کر رہے تھے ۔ انہوں نے آصفہ کے قتل اور عصمت ریزی میں گرفتار کئے گئے افراد کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے اور انہیں سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرحومہ آصفہ اور اس کے کنبے کے ساتھ بھر پور حمایت اوع ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کیا کہ ایسے مجرموں کی پشت پناہی کرنے والوں کو گندی اور اوچھی سیاست کے بجائے حق اور انصاف کیلئے سامنے آنا چاہئے – انہوں نے کہا کہ اس واقع میں ملوث افراد کو مشالی سزا دیکر ہی سماج سے ایسے درندہ صفت افراد اور گھناؤنے جرم کا نام و نشان کو مٹایا جاسکتا ہے ۔ کینڈل مارچ کے بعد یہ ریلی پر امن طریقے سے اپنے انجام کو پہنچی۔ اس موقع پر پولیس سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے تاکہ امن و قانون کی کسی بھی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔