آر پار تجارت جاری

راجوری//چکاں داباغ سے آر پار تجارت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور 26فروری سے 8مارچ کے درمیان 417ٹرک حد متارکہ کے آر پار ہوئے ۔ واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے تناظر میں بھارتی فضائیہ نے 26فروری کو پاکستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے دوسرے روز پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے ہندوستانی حدود میں داخل ہوکر کئی مقامات پر بم گرائے ۔اس کے بعد حد متارکہ پر زبردست گولہ باری ہوئی جس کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہا جس کے نتیجہ میں پونچھ میں چار افراد کی ہلاکتیں ہوئیں جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ۔تاہم 28فروری سے8مارچ کے درمیان احسن طریقہ سے مالبردار ٹرک آر پار ہوئے ۔ پاکستان کی طرف سے بھیجے گئے 176مال بردار ٹرک پونچھ کے ٹریڈ سنٹر میں حکام نے وصول کئے جبکہ پونچھ سے 241مال بردار ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ کئے گئے ۔