کشتواڑ//بھاری بارش کے باوجود بھارتیہ جنتاپارٹی اور دیگر تنظیموں ویشو ہندو پریشدو سناتن دھرم سبھا کی طرف سے ایک ہفتہ قبل آر ایس ایس لیڈر و اس کے محافظ کی ہلاکت پر پرامن احتجاج کیاگیا ۔مظاہرین مٹا، بیگانہ ، پوچھال ، ہٹہ ، سرکوٹ، شکتی نگر و دیگر علاقوں سے باہر آئے اور انہوںنے ڈاک بنگلہ کے نزدیک جمع ہوکر جنگجوئوں اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرین جن میں خواتین بھی شامل تھیں ،نے اس دوران انتظامیہ کیخلاف بھی نعرے لگائے اور آرایس ایس لیڈر چندر کانت ،اس کے محافظ اور چند ماہ قبل بی جے لیڈر انیل پریہار اور ان کے بھائی کی ہلاکت میںملوث افراد کی جلد سے جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ اقلیتی طبقہ کو تحفظ فراہم کرنے میںناکام ثابت ہوئی ہے اور پہلے پریہار برادران کو قتل کیاگیا او راب آر ایس ایس لیڈر اوراس کے محافظ کو مار دیاگیا۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں 1990کی طرح پھر سے ملی ٹینسی کے خدشات ہیں لیکن اس کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوںنے قصبہ میں نوے کی دہائی کی طرز پر بنکروں کے قیام اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی مانگ دہرائی ۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں ملی ٹینسی کا مقابلہ کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کے اختیارات میں اضافہ کیاجائے ۔