سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے کچھ حصوں میں حالیہ سلسلہ وار دھماکوں اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ لانچ پیڈ پر عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت میں اضافے کی انٹیلی جنس معلومات کے بعد شمالی کمان کے کمانڈنگ جنرل آفیسر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے راجوری ضلع کا دورہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایک سرکاری بیان میںکہا گیا ہے کہ آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے راجوری میں واقع اسپیڈس ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنرل آفیسر ان کمانڈنگ ناردرن کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے ایل او سی اور اینٹی انفلٹریشن گرڈ پر سیکورٹی کو برقرار رکھنے کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔خطے کے کئی سینئر آرمی کمانڈروں نے جی او سی ناردرن کمانڈ کو ضلع میں سیکورٹی کے حالات کے بارے میں آگاہ کیا۔راجوری میں آرمی کمانڈر کا دورہ ایک ایسے وقت میںہواہے جب گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوٹرنکہ سب ڈویژن کے علاقوں میں چار دھماکے ہوئے ہیں اور ان دھماکوں میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ خطہ میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔