آدھ کلو میٹرگول۔ سلبلہ سڑک عوام کیلئے وبال جان

 گول //گول سلبلہ سڑک پر برف باری ہونے کے ساتھ ہی یہاں گاڑیوں میں مسافروں کو سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔گول بازار سے صرف آدھ کلو میٹر کے بعد کچھ حصہ ایسا آتا ہے جس پر برف جم جاتی ہے اور کافی پھسلن پیدا ہوتی ہے اور یہاں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ انسانوں کو بھی پیدل چلنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس آدھ کلو میٹر پر نا ہی محکمہ صحیح طریقے سے برف ہٹاتا ہے اور نہ ہی اس برف کو جم جانے سے بچانے کیلئے نمک یا یوریا کھاد ڈالی جاتی ہے ۔ آدھ کلو میٹر سڑک پر کورا لگنے کی وجہ سے کافی پھسلن پیدا ہوتی ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ اگر چہ کئی مرتبہ محکمہ سے مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ محکمہ کے لوگ اس تمام صورتحال سے با خبر بھی ہیں لیکن اس کے با وجود کوئی قدم اُٹھایا نہیں جا رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے اور علاقہ کے ڈرائیوروں نے گول انتظامیہ اورمحکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس طرح کے مسائل کو حل کیا جائے ۔