آتشزدگی وارداتیں | گلمرگ میں 15 دوکانیں خاکستر،ریشی گنڈ میں رہائشی مکان تباہ

بارہمولہ+کپوارہ//گلمرگ میں سنیچر کو آگ کی ایک واردات کے دوران 5 1دکانیں خاکستر ہوگئیں۔سنیچر کی علی الصبح ایک شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً بھیانک رخ اختیار کیا اور مزید 14 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔اگر چہ لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ آناً فاناً سب کچھ راکھ ہوگیا ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔یہ شاپینگ کمپلیکس گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ملکیت تھی،جس کی چھت کے نیچے 30 افراد اس واردات کے موقعہ پر سوئے ہوئے تھے تاہم گلمرگ پولیس نے انہیںبحفاظت باہر نکلا ۔ ایس ڈی ایم گلمرگ شبیر الحسن نے محکمہ مال کی ایک ٹیم کے ہمراہ گلمرگ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیکر دوکانداروں کی باز آباد کاری کی گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی ۔کرالہ پورہ کے مضافاتی گائو ں ریشی گنڈ گزریال میں آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ۔ محمد یوسف راتھر کے مکان میں رسوئی گیس لیک ہونے کی وجہ سے آگ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور پرپورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم مقامی لوگو ں نے بچائو کارروائی شروع کی جس کے بعد کرالہ پورہ سے فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے لئے پہنچ گئے اور کافی محنت کے بعد مکان کے ایک حصہ کو بچانے میں کامیابی ملی ۔