آبی پارک کیلئے اراضی کی نشاندہی

سری نگر// گورنر کے مشیر کے سکند ن نے کل کہا کہ حکومت سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے لئے وعدہ بند ہے۔ان باتو ں کا اِظہار مشیر موصوف نے جواہر لال نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن کے دورے کے دوران کیا۔مشیر کے ہمراہ پشو و بھیڑ پالن کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، محکمہ پھولبانی کے سربراہ عبدالحافظ شاہ ،ڈائریکٹر فشریز آر این پنڈتا ، ڈپٹی کمشنر سری نگر شاہد اقبال چودھری و دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔اس موقعہ پر مشیرموصوف نے کہا کہ حکومت ریاست میں سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔مشیر کو بتایا گیا کہ وادی کشمیرمیں سٹیٹ آف دی آرٹ زیر زمین ایکویرم تعمیر کیا جائے گا جو سنگا پور ایکویریم کے طرز پر ڈیزائن کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کے لئے زبر ون پہاڑیوں کے پاس اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔دورے کے دوران مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ محکمہ پھولبانی، ماہی پروری اور سیاحت سے تعلق رکھنے والے افسروں کی دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ ان کمیٹیوں کے سربراہ ڈپٹی کمشنر سری نگر ہوں گے اور یہ کمیٹی زیر زمین ایکویریم کے لئے اراضی کی نشاندہی کرے گی۔اس کے علاوہ یہ کمیٹی سنگا پور کے دورے کے دوران وہاں قائم مرین لائف پارک کا جائزہ لے گی۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ کشمیر کی طرف سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے سٹیٹ آف آرٹ بنیادی ڈھانچے کی اشد ضرورت ہے۔