رام بن //ضلع کے اُکھڑال تعلیمی زون کے تحت آنے والے سرکاری سکولوں نے کیمونٹی موبلائزیشن اور اینرولمینٹ مہم کے تحت تقریباً زون کے تمام سکولوں میںلوگوں کو اپنے بچوں کا سرکاری سکولوںمیں اندراج کرنے سے واقف کرنے کیلئے ریلیاں اور پروگرام منعقد کئے۔بچوںنے ان ریلیوں کا اہتما م اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ لیکر کیا ۔ریلی میں بچے ’’گھر گھر پیغام بھیجو ،بچوں کو سکول بھیجو، ہم سب کا نعرہ ۔کیمونٹی موبلائزشیشن پروگرام کے سلسلہ میں اہم تقریب گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول اکھڑال میں منعقد کی گئی۔سکول کے طلاب نے سکول سے ایک ریلی بھی برآمد کی جو قصبہ کے مین روڈ ، مین بازاروں سے ہوتے ہوئے سکو ل احاطہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب میں ملحقہ دیہات کے لوگوں اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔تقریب کی قیادت زونل ایجوکیشن افسر اُکھڑال محمد اسحاق سہیل نے کی ۔ اپنے صدارتی خطبہ میں انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی اور چیف ایجوکیشن افسر رام بن عبدالحمید فانی کی ہدایت پر لوگوں کو ایسے پروگرام منعقد کرنے کی اہمیت بیان کی۔انہوںنے موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور واضع کر دیا کہ سرکاری سکولوں میں بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے تمام سہولیات بشمول مفت کتابیں،وردی وغیرہ فراہم کر رہی ہے۔اسکے علاوہ ایک کلو میٹر کی دوری پر سکول قائم کئے گئے ہیں جہاں پر تربیت یافتہ تدریسی عملہ ہوتا ہے۔ انہوںنے والدین کو اپنے بچوں کا اندراج پرائیویٹ سکولوں کے بجائے سرکاری سکولوں میں درج کرنے کی صلاح دی ،تاکہ وہ ملک اور ریاست کا بیش قیمتی اثاثہ بن سکیں۔