ظفر اقبال
اوڑی//پاکستان کے زیر انتظام کشمیر ( پی او کے ) کی انتظامیہ نے ہفتے کے روز ایک لڑکے اور لڑکی کی لاشیں کمان پوسٹ پل پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیں۔حکام نے بتایا کہ یہ دونوں 5مارچ تقریباً 18 دن پہلے دریائے جہلم میں کود گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسر حسین شاہ ساکن بسگران اور آسیہ بانودختر محبت خان ساکن کنڈی برجالہ کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق لڑکے کی لاش 20 مارچ کو لائن آف کنٹرول کے قریب کمان پوسٹ کے پاس دریائے جہلم میں تیرتی ہوئی دیکھی گئی۔ پولیس نے بتا یاکہ لاش نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن پانی کے تیز بہاؤ میں لاش ایل او سی کے اس پار کی طرف بہہ گئی۔لڑکے کی لاش 21 مارچ کی شام چناری سے برآمد کی گئی، جبکہ لڑکی کی لاش پہلے ایل او سی پار کر گئی تھی اور 19 مارچ کو چترمیں ملی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو ایل او سی کے دوسری طرف کی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا تھا۔ہفتہ کے روز کمان ،پوسٹ میں ایک میٹنگ ہوئی، جس میں اوڑی انتظامیہ کے افسران بشمول ایس ڈی پی او اوڑی،ایس ایچ او اوڑی، نائب تحصیلدار، ڈاکٹروں کی ٹیم بھارتی فوج کے افسران اور جاں بحق افراد کے والدین موجود تھے، جبکہ دوسری جانب کے حکام کی طرف سے ایس ایچ او چکوٹی ،اسسٹنٹ کمشنر چکوٹی، پاک فوجی افسران موجود تھے۔اوڑی انتظامیہ نے دونوں لاشیں وصول کیں جوپانی کے بہاؤ کی وجہ سے ایل او سی پار چلی گئی تھیں۔ حکام کے مطابق طبی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ان کے اہلخانہ کے حوالے کر دی گئیں۔