عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارہمولہ ضلع کے اوڑی سیکٹر میں ہفتہ کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔حکام نے بتایاکہ فوجی اہلکاروں نے شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر کے گوہالن علاقے میں ایل او سی کے ساتھ مشتبہ نقل و حرکت دیکھی۔حکام نے بتایا کہ چیلنج کیے جانے پر، ملی ٹینٹوں نے فوج کو جوابی کارروائی پر مجبور کرنے کیلئے فائرنگ شروع کردی۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جوپھر رک گیا ۔حکام نے بتایا کہ2 ملی ٹینٹوںکے مارے جانے کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے، لیکن ان کی لاشیں ابھی تک برآمد نہیں ہوسکی ہیں کیونکہ یہ علاقہ ایل او سی پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے علاقے میں گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔