سرینگر// تحریک جدوجہد آزادی کے کاروان میں صف اول کے کمانڈر اعجاز احمد ڈار کو حریت (گ)، لبریشن فرنٹ (آر)، سالویشن مومنٹ اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے 30ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے اعجاز احمد ڈار کی 30ویں برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر اور بے باک عسکری کمانڈ تھے جن کی رگ رگ میں اسلام اور آزادی سے محبت اور عقیدت وابستہ تھی اور اسی کے لیے اپنی جان قربان کی۔ گیلانی نے شہید موصوف کے والد بزرگوار حاجی غلام محمد ڈار کی شفایابی کے لیے بھی دُعا کی۔ادھر لبریشن (آر) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے عقیدت بھرا خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز تحریک جدوجہد آزادی کے کاروان میں صف اول کے سالار اور کمانڈر کے طور معروف رہے ۔انھوں نے اپنے مشترکہ بیان میں اعجاز ڈار کویاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اولین سپاہیوں میں شامل ہیں جنھوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا ۔انھوں نے اپنے بیان میں اس عظیم سپاہی کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں انقلاب آزادی کے بانی کاروں میں شامل تھے اور اس قوم کو گہری نیند سے جگانے کے لئے اپنا گرم گرم لہو پیش کیا ۔انہوں نے اعجاز اور ان سبھی اولین سالاروں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے عظیم قائد محمدمقبول بٹ کے مشن کی آبیاری کی اور قوم و ملت کے لئے تابناک ستاروں کی طرح راہیں منور کیں۔پارٹی کے ہیڈ کواٹر پر بلائے گئے تعزیتی اجلاس میں موجود سبھی قائدین اور اراکین نے اعجاز ڈار کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے علیل والد کی صحت یابی کے لئے دعا کی ۔اس دوران اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے اعجاز ڈاراور ان کے دیگر ساتھیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام ان کی پیش کی گئی قربانیوں ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔یوسف نقاش نے حاجی جی ایم ڈار کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ۔ دریں اثناء سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے اعجاز ڈاراور ان کے ساتھیوں کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ رواں جدوجہد کے لئے اپنے خون سے عظیم المرتبت مثالیں پیش کیں ،جنہیں کسی بھی صورت میں رایئگان ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ظفر اکبر بٹ نے اعجاز اور ان کے دیگر ساتھیوں جن میں مقبول الٰہی ،محمد عبداللہ بنگرو، اشفاق مجید وانی ،شیخ عبد الحمید ، ناصر بختیار کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت ادا کیااور حاجی غلام محمد ڈار کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔