پونچھ//جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے نائب مہتمم مولانا سعید احمد حبیب نے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقات کے دوران کئی سماجی وسیاسی معاملات پر گفتگو کی ۔مولانا نے خورشید احمد گنائی سے مطالبہ کیا کہ اوقاف املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جس کی آمدنی سے تعلیمی وتحقیقی اداروں کا قیام سماج کے کمزور افراد وطبقات کی امداد جیسے فلاحی کاموں کو انجام دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اوقاف املاک کے صحیح استعمال سے مسلم سماج سے بہت سے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے اوراگر ایسا ممکن ہوتا ہے تو غریب آبادی کو کسی کی محتاجی کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ہی مدرسہ بورڈ جیسے مطالبہ کی ضرورت رہے گی۔انہوں نے مشیر موصوف کو بتایا کہ اگر حکومت صحیح معنوں میںاوقاف معاملات کو کو درست کرے تو مسلم آبادی کے بے شمار مسائل کا حل ممکن ہے اور اسی سے ائمہ مساجد کو بہتر اور معقول تنخواہ دی جاسکتی ہے۔ مولانا نے ائمہ مساجد کی قلیل تنخواہ پر افسوس کا اظہار کیا اوربیواؤں اور یتیموں کی کفالت نہ کرنے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔