سرینگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم نے اپیکس کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اودھمپور ۔ سری نگر ۔ بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، فائنانشل کمشنر مال ، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ ، ترقی و مانیٹرنگ ، مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹری ، چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر یو ایس بی آر ایل ، صوبائی کمشنر کشمیر ،ڈپٹی کمشنر سری نگر ، ڈپٹی کمشنر بڈگام کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران اور ریلوے حکام میٹنگ میں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر جموں، ڈی سی رام بن ، ڈی سی ریاسی نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔اس موقعہ پر چیف ایگزیکیٹو افسر،ادھمپور،سرینگر،بارہ مولاریل پروجیکٹ نے بتایا کہ ادھمپور اور بارہمولہ کے درمیان 272کلومیٹر لمبے ٹریک میں سے صرف کٹرہ اور بانہا ل کے درمیان 111کلومیٹر پٹی کو جوڑنا باقی ہے ۔ اس پٹی میں 97کلومیٹر وں کی صورتوں میں ٹنلیں ہیں جبکہ زمینی سطح پر 14کلومیٹر لائن پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 67کلومیٹر لمبی لائن پر بچائو ٹنل بھی بنیادی ٹنلوں کے ساتھ ساتھ دستیاب رکھی گئی ہے ۔چیف ایگزیکٹوافسرنے کہا کہ 111کلومیٹر کٹرہ ۔ بانہال پٹی میں سے 67کلومیٹر ٹنلیں مکمل کی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ 30کلومیٹر بچائو ٹنل بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کام سرعت سے جاری ہے تاہم کئی معاملات حل کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی مداخلت لازمی ہے۔پروجیکٹ میں حائل معاملات کو دُور کرنے کے تعلق سے چیف سیکرٹری نے ریلوے کو ہدایت دی کہ وہ ہر سوموار کو صبح 11بجے ایک ہفتہ وار رِپورٹ اُن کے دفتر میں جمع کرائیں۔انہوں نے ریلوے حکام سے مزید کہا کہ وہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ڈویژنل کمشنر جموں کے ساتھ رابطہ قائم کریں تاکہ معاملات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے سے پہلے حل کیا جاسکے۔یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے لئے ضلع سطح پر رابطے کے عمل کو بڑھاوا دینے کے لئے ریاستی حکومت رام بن اور ریاسی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع ایس پیز، ریونیو حکام، اِرکان کے نمائندوں اور کے آر سی ایل کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے گی تا کہ ہرہفتے کام پر ہورہی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اُبھرنے والے معاملات کو نپٹایا جاسکے۔اس دوران حصول اراضی سے متعلق التوا میں پڑے کچھ معاملات نمٹانے اور ریاسی، رام بن و بڈگام اضلاع میں ڈھانچوں کی منتقلی کے لئے ایک معینہ وقت مقرر کیا گیا ہے۔