سینٹرل یونیورسٹی کے2 کمپیوٹر سائنس طالب علموں کی پہل
سری نگر//یو این آئی// سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے دو کمپیوٹر سائنس طلبا نے انڈونیشیا کی ایک نایاب نسل مرغ سیاہ (ایام سمانی) کا یہاں نشاط علاقے میں پہلا پولٹری فارم تیار کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پولٹری فارم ہے اور ہم نے اس کے لئے ہریانہ سے اس نسل کے 3 سو چکن لائے ہیں۔نمیر رشید اور مامون راتھر نامی طالب علموں نے بتایا کہ ہم نے ہریانہ سے تین سو چکن لائے ہیں اور فارم شروع کیا ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ’ہم نے سابق کرکٹر ایم ایس دھونی کے اسی نوعیت کے فارم کے بارے میں پڑھا جس سے ہمیں تحریک ملی اور ہم نے اس تجارت میں قسمت آزمانے کی ٹھان لی’۔موصوف طلبا نے کہا کہ یہ مرغ سیاہ یا جنہیں ایام سمانی بھی کہتے ہیں عام چکن جیسا غذا نہیں کھاتے ہیں بلکہ ان کے لئے ایک خاص قسم کی غذا لانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانکاری کے لئے ایک پیج بھی بنایا ہے تاکہ لوگ آکر اس لذید چکن کو بھی خرید سکیں۔ طلاب علموں نے کہا کہ ہم ڈیڑھ کلو چکن ساڑھے صرف سات سو روپے میں بیچ رہے ہیں جبکہ ملک کے دوسرے حصوں میں ڈیڑھ کلو چکن کی قیمت گیارہ سو روپے ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس چکن کے انڈے کی قیمت بیس سے پچیس روپے ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مخصوص چکن صحت کے لئے انتہائی فائدہ مند ہے اور اس کو جم جانے والے اور باڈی بلڈرس زیادہ تر کھاتے ہیں۔ طلاب علموں نے کہا کہ ہم ملک کے مختلف حصوں سے اس قسم کے مرغ سیاہ کی نسل لائیں گے اور ان کو یہاں اپنے فارم میں تیار کرکے کشمیر کے مختلف حصوں میں پہنچائیں گے ۔قابل ذکر ہے کہ ایام سمانی مکمل طور پر ایک سیاہ مرغ ہوتا ہے ۔انڈونیشیا کی زبان میں ایام کے معنی چکن ہیں جبکہ سمانی کے معنی گاؤں یا سیاہ کے ہیں۔مدھیہ پردیش میں بھی اس قسم کے مرغ موجود ہیں۔