اننت ناگ پارلیمانی نشست کیلئے تیاریوں کاجائزہ لیا گیا

اننت ناگ// اننت ناگ پارلیمانی نشست کے ریٹرننگ آفیسر خالد جہانگیر نے ایک میٹنگ کے دوران چنائو تیاریوں کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر عام مبصرین ،پولیس مبصرین اوراخراجاتی مبصرین بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ،ضلع چناوی افسران اورایس ایس پیز کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ریٹرننگ آفیسر نے تیاریوں کے سلسلے میں جانکاری فراہم کی۔انہوںنے کہا کہ 8اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ کے بعد 18امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے چنائو3مرحلوں میں ہوگا۔ریٹرننگ آفیسرنے کہا کہ پولنگ عملے کو چنائو سے متعلق تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جاچکی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اوراس حوالے سے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔