عارف بلوچ+سمیت بھارگو
اننت ناگ+راجوری//ضلع اننت ناگ کے لارکی پورہ ڈورو میں بدھ کی صبح ایک ٹاٹا موبائل لوڈ کیرئر میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار8 غیر مقامی مزدور زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق ٹاٹا موبائل لوڈ کیرئر زیر رجسٹریشن نمبر/4476 JK18 ڈورو سے دیالگام جاتے ہوئے جب جامع مسجد لارکی پورہ کے نزدیک رکی، تو اسی دوران گاڑی میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سواربہار سے تعلق رکھنے والے 8 مزدور زخمی ہوگئے۔دھماکہ کے باعث آس پاس کے کئی دکانوں کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔دھماکہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بازار میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے۔
تاہم بعد میں حقیقت پتہ چلنے کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا جہاں سے کئی زخمیوں کو مزید علاج معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت کمار ولد سوریہ کمار، پرمجیت ولد جتیندر، بھاون کمار ولد موہن کمار، فیکان لعل ولد نند لعل، جیتن ریشی ولد نندا ریشی، ٹیکو کمار ولد مہر کمار اور شان کمار ولد نندا کمار کے بطور ہوئی ہے۔سبھی ریاست بہار سے تعلق رکھتے ہیں۔اس بیچ پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی میںایک سیمنٹ مکس سیٹلنگ وائبریشن مشین، ایک پورٹیبل جنریٹر اور ٹین کے تیل ڈبے کے نزدیک تھے۔انہوں نے کسی بھی تخریب کاری کو مسترد کیا۔دھماکہ کے فوراً بعد پولیس کے اعلیٰ افسران فارنیسک عملہ کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ادھرراجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔حکام نے بدھ کو بتایا کہ ایک نائک دھیرج کمار مگراتی، نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی کے آگے کے علاقے میں پٹرولنگ کے دوران، غلطی سے بارودی سرنگ پر قدم رکھنے کے بعد دھماکے سے زخمی ہو گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی فوجی جوان کو فوری علاج کے لیے ناردرن کمانڈ اسپتال ادھم پور لے جایا گیا۔