اننت ناگ// اننت ناگ میں جمعرات کو مختلف سڑک حادثات میں 3افراد لقمہ اجل بن گئے ۔سری گفوارہ بجبہاڑہ میں زینہ بیگم زوجہ عبدالاحد کھانڈے ساکن ویدے کو سری گفوارہ میں تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔زخمی خاتون کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔ اچھ بل میںپولیس اسٹیشن کے نزدیک سکارپیو گاڑی زیر نمبرJK12 /4400اور بائیک بغیر نمبر کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں لیکچرارمشتاق احمد تانترے ولد غلام قادر تانترے ساکن نور کوکرناگ موقعہ پر ہی جاں بحق ہوا۔ پولیس نے سکارپیو گاڑی ضبط کرکے ڈرائیور کو گرفتار کیا۔ دامجن قاضی گنڈ میں اُس وقت لوگ احتجاج پر اُتر آئے جب یہاں 7سالہ بچی کوتیز رفتار ٹریکٹر نے کچل ڈالا ۔ کمسن زرینہ شبیر کو بغیر نمبر ٹریکٹر نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں بچی موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئی ۔ مقامی آبادی سڑک پر نکل آئی اور احتجاج شروع کیا ۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ گائوں کے نزدیک نالہ ساندرن پڑتا ہے جس میں دن رات سینکڑوں ٹریکٹر اور جے سی بی غیر قانونی طور ریت بجری نکال رہے ہیں جس کے بعد یہ گاڑیاں گائوں کی تنگ سڑک سے تیز رفتاری سے چلتی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک کہی بار حادثات پیش آئے ہیں اور آج ایک اور معصوم بچی کی جان چلی گئی ہے ۔اُدھر ویری ناگ باغ میں معصوم بچہ دیوار سے گر کر زخمی ہوا ۔6سالہ عدنان محی الدین ولدغلام محی الدین ساکن ڈورونے دیوار پھلانگ کر باغ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ دیوار سے گر گیا اور شدید زخمی ہوا ۔