اننت ناگ آتشزدگی واقعہ

 گیلانی کا اظہار رنج

 سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے چینی چوک اسلام آباد (اننت ناگ) میں آگ کی ہولناک واردات پر اپنی گہری فکرمندی اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ’’آتشزدگی کی اس واردات پر ہمارا دل خون کے آنسو رورہا ہے‘‘۔ انہوں نے خاکستر بستی اور کروڑوں روپئے مالیت کے نقصان پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے صاحبِ ثروت عوام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ان مصیبت زدگان کی بھرپور مالی مدد کرکے دینی فریضہ کی عمل آوری میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
 

 محبوبہ مفتی ،عمر عبداللہ اور سی پی آئی ایم کا اظہارِ یکجہتی 

سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے آگ کی واردات پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اننت ناگ ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ آگ سے متاثرہ لوگوں کوموسم سرما کے پیش نظر جنگی پیمانے پر ہر ممکن مدد دستیاب کریں۔انہوں نے خاص طور سے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ رہائشی مکانات کے مالکان کے لئے متبادل اقامتی سہولیات بہم کرانے کے امکانات کا جائزہ لیں تاکہ ان کی مناسب باز آباد کاری ممکن ہوسکے۔وزیر اعلیٰ متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے رہائشی مکانات و دیگر املاک کے خاکستر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ متاثرین کی بھر پور مالی امداد کے علاوہ بے گھر ہوئے کنبوں کے قیام و طعام کا بندوبست جنگی بنیادوں پر کریں۔انہوں نے متاثرہ تاجروں کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ وہ پھر سے اپنا کاروبار کھڑا کرسکیں۔ پارٹی کی جنوبی زون صدر سکینہ ایتو، سابق ایم ایل سی ڈاکٹر بشیرا احمد ویری اور ضلع صدر ڈاکٹر محمد شفیع نے بھی اس واردات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری غلام نبی ملک نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی فوری باآبادکاری عمل میں لائی جائے۔