اننت ناگ+ پلوامہ +سوپور// 26جنوری سے ایک روز قبل ہی اننت ناگ ،پلوامہ اور سوپور میں جمعہ کو پے درپے4 گرینیڈ دھماکوں میں پولیس کا ایک اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے ۔جبکہ ترال ،راجپورہ اور شادی مرگ پلوامہ میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہقصبہ اننت ناگ کے جنرل بس اسٹینڈ میں قائم پولیس چوکی پر جنگجوئوں نے جمعہ بعد سہ پہر ایک گرنیڈ داغا جو سڑک پر زوردار دھماکہ سے پٹھ گیا۔ایک نقاب پوش نامعلوم بندق بردار جنرل بس اسٹینڈ کے قریب پہنچا جہاں انہوں نے پولیس چوکی کے سامنے کھڑی پولیس گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے گاڑی پر گرینیڈ داغا جو سڑک پر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ اس موقعہ پر پولیس نے ہوا میں گولیاں بھی چلائیں۔ دھماکہ کے آہنی ریزوں سے کانسٹیبل سجاد احمد بیلٹ نمبر 1687/Aاور ایک شہری عابد احمد بٹو ولد عبدالغنی ساکن ترہپو اچھہ بل معمولی زخمی ہوئے۔جنہیں علاج و معالجہ کی خاطر ضلع ہسپتال جنگلات منڈی میں داخل کیا گیا ۔ ادھرجمعہ بعد دوپہرنامعلوم اسلحہ برداروں نے پولیس سٹیشن سریگفوارہ بجبہاڑہ پر بھی ایک ہتھ گولہ داغا جو ا سٹیشن کے صحن میں زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔ البتہ دھماکہ سے کسی بھی قسم کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران پلوامہ کے ٹہاب گائوں میں فورسز کیمپ پر شام دیر گئے پونے سات بجے کے قریب گرینیڈ پھینکا گیا جو کیمپ کے دروازے پر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران راجپورہ پلوامہ پولیس سٹیشن کی حفاظت پر مامور پولیس عملے نے مشتبہ حرکات دیکھ کر فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔شادی مرگ راجپورہ میں رات دیر گئے 44آر آر کیمپ کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے مشتبہ حرکات دیکھیں جس کے بعد انہوں نے ہوائی فائرنگ کی۔اس دوران سوپور میں 179بٹالین سی آر پی ایف کے بنکر پر جنگجوئوں نے گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زور دار دھماکہ کیساتھ پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔یہ واقعہ شام دیر گئے سات بجے پیش آیا۔اس دوران میڈورہ ترال میں سی آر پی ایف180بٹالین کے کیمپ پر رات 8بجکر 20منٹ پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا، جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ تاہم علاقے کو محاصرہ میں لینے سے قبل جنگجو فرار ہوئے۔