کشتواڑ //ضلع لیگل سروس اتھارٹی کشتواڑ کی جانب سے ’انصاف کی دستک ‘ کے تحت ہفتہ کے روز ایک تربیتی پروگرام کااہتمام کیا گیا جس میں انصاف کی عدالت کے ساتھ جڑے وکلاء اور دیگر رضاکاروں کو قانون اور حصول انصاف کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی۔ اس پروگرام میں رٹینر وکاء، پارا لیگل والنٹیئرز (PLVs)، ولیج لیول انٹر پرینر (VLE's) ، محکمہ ڈاک کے ملازمین، خدمت سنٹروں کے رضاکار اور مڑواہ، دچھن، واڑن، پاڈر اور بونجواہ سے آئے رضاکاروں نے شرکت کی۔ یہ پروگرام ڈسٹرکٹ چیئرمین لیگل سروسز اتھارٹی کشتواڑ ایس سی کٹل کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس کی صدارت توصیف ماگرے سیکرٹری ڈی ایل ایس اے کشتواڑ نے کی۔اس موقعہ پر دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو ان کے حقوق کے بارے میں جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ انہیں پوسٹل اور الیکٹرانک ذرائع کا استعمال کر کے کیس دائر کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔ انہیں ایسے علاقوں میں محکمہ ڈا ک و تار کی طرف سے دی جانے والی تربیت کے بارے میں بھی بتایا گیا اور اس بات کی تربیت دی گئی کہ وہ کس طرح ان خدمات سے استفادہ کر کے کم سے کم عرصہ میں اپنے مقدمات عدالتوں میں دائر کر کے انصاف کے حصول کو یقینی بنا سکتے ہیں۔