جموں/ /حکومت نے اِنسداد رشوت ستانی کے بیورو میں ایک آزادانہ مالی جرائم کے شعبے کا قیام عمل میں لانے کو منظوری دی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق اس شعبے کا صدر دفتر جموںمیں ہوگا اور اس سلسلے میں 56اَسامیوں کو معرض وجود میں لانے کو بھی منظوری دی گئی۔مالی جرائم کے شعبے میں سپرانٹنڈنٹ آف پولیس کی ایک اسامی اور سینئر پراسکیوٹنگ آفیسر کی ایک اَسامی ہوگی۔اِس شعبے میں ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ آف پولیس کی تین اور پراسکیوٹینگ افسروں کی تین اسامیاں ہوں گی۔اس کے علاوہ انسپکٹر کی دس اور سب انسپکٹر کی دس اَسامیاں بھی معرض وجود میں لائی جائیں گی۔مذکورہ شعبے میں ماتحت عملے کی اسامیاں بھی وجود میں لائی جارہی ہیں۔حکمنامے کے مطابق اِن اسامیوں کو پُر کرنے کا لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔