سرینگر//مزاحتی لیڈر میرواعظ عمر فاروق کی نگین رہائش گاہ کے باہر اس وقت حیرت انگیز صورتحال دیکھنے کو ملی،جب پی ڈی پی یوتھ ونگ کے سابق جنرل سیکریٹری اور جموں کشمیر سمینٹس کے وائس چیئرمین انجینئر نذیر پر حریت(ع) چیئرمین نے دھوکہ اور گمراہ کن انداز میں ملنے کا الزام عائد کیا۔ جے کے سمینٹس کے نائب چیئرمین انجینئر نذیر یتو کو اس وقت مخاصمت کا سامنا کرنا پڑا،جب وہ حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق سے ملنے انکی رہائش گاہ واقع نگین پہنچے۔ انجینئر نذیر یتو قریب3بجکر50منٹ پر میرواعظ کی رہائش گاہ پر پہنچے، اور قریب15منٹ کے بعد باہر واپس آئے۔اس موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یتو نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال اور آسیہ،نیلوفر کیس کے بارے میں میرواعظ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔انجینئر یتو ابھی میڈیا نمائندوں سے بات ہی کر رہے تھے،کہ میرواعظ بھی باہر آئے اور انہوں نے انجینئر نذیر سے گمراہ کن طریقے سے ملنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے میرواعظ نے بتایا’’ کچھ دن پہلے موصوف نے یہ کہہ کر ملنے کی درخواست کی کہ ان کا بھائی جبری طور گمشدہ کیا گیا ہے اور وہ آسیہ نیلوفرعصمت دری کیس کو دوبارہ کھولناکے حوالے سے ملنا چاہتے ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نذیر احمد ایتو میرواعظ سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے تو میرواعظ کو یہ جان کرحیرت ہوئی کہ موصوف نہ صرف پی ڈی پی کے ساتھ منسلک ہیں بلکہ ان کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے کچھ نمائندے بھی ہیں۔ انجینئر نذیر یتو نے اگر چہ ایک مرتبہ پھر میرواعظ عمر فاروق سے بات کرنے کی کوشش کی،تاہم میرواعظ نے ان سے بات کرنے سے صاف منع کیا،کہ انہوں نے اپنی شناخت کو پردے میں رکھا۔اس دوران پی ڈی پی نے میرواعظ کے تاثرات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نذیر یتو نام کا کوئی بھی انفرادی شخص پی ڈی پی کا کوئی بھی عہدار نہیں۔مقامی نیوز ایجنسی نے پی ڈی پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری پیرزادہ منصور حسین نے کہا’’ پی ڈی پی میں کوئی بھی نذیر یتو پارٹی کا کوئی بھی عہدیدار نہیں ہے،اور نہ ہی کسی پارٹی عہدیدار کو میرواعظ عمر فاروق سے ملنے کا منڈیٹ دیا ہے،ہم اس بارے میں کچھ نہیں جانتے‘‘۔انجینئر نذیر احمد یتو ماضی میں پی ڈی پی کی یوتھ ونگ میں جنرل سیکریٹری رہے ہیں،جبکہ گزشتہ برس انہیں جموں کشمیر سمینٹس کا نائب چیئرمین بنایا گیا۔