عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو ممبر پارلیمنٹ اور اے آئی پی کے سربراہ انجینئر رشید کی اپنے والد کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی مدت میں توسیع کر دی۔انجینئر کو دہشت گردی کی مبینہ فنڈنگ سے متعلق ایک کیس میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند کیا گیا تھا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ “عدالت نے انجینئر کی عبوری ضمانت میں ان کے والد کے میڈیکل گرائونڈ کی بنیاد پر توسیع کر دی۔”ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے رشید کے والد کی صحت کی حالت کی بنیاد پر یہ حکم سنایا، جب نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے کہا کہ اس نے دستاویزات کی تصدیق کی ہے اور وہ درخواست کی مخالفت نہیں کر رہی ہے۔جج نے کیس میں رشید کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر حکم بھی 28 اکتوبر تک موخر کر دیا۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ آخری موقع تھا جب ان کے موکل نے توسیع کی درخواست کی ہے۔وکیل نے کہا کہ این آئی اے نے ان کے مکل کی طرف سے کسی بھی شرط کی خلاف ورزی کا الزام نہیں لگایا۔