عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)سے کہا کہ وہ 2017 کے جموں و کشمیرملی ٹینسی فنڈنگ کیس میں گرفتار انجینئر رشید کی طرف سے داخل کی گئی عبوری ضمانتی درخواست پر یکم جولائی تک جواب دے۔ ایڈیشنل سیشن جج کرن گپتا نے معاملے کی سماعت یکم جولائی کو مقرر کی اور این آئی اے کو اس وقت تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔سماعت کے دوران، جج نے کہاکہ انجینئرکے خلاف لگائے گئے الزامات AAP لیڈر سنجے سنگھ، جو دہلی ایکسائز اسکام” منی لانڈرنگ کیس کے ایک ملزم ہیں، سے مختلف بنیادوں پر ہیں۔انجینئر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سنگھ کو حال ہی میں راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے کے لئے حراستی پیرول کی اجازت دی گئی تھی۔جج نے این آئی اے کی درخواست کو جواب داخل کرنے کے لیے وقت کی اجازت دی۔
ایڈوکیٹ وخیات اوبرائے نے رشید کو ضمانت پر رہا کرنے کی دلیل دیتے ہوئے کہا، ”یہ وہ شخص ہے جس نے بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا ہے، لوگ ان سے پیار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں جمہوری طریقے سے لڑیں‘‘۔حلف اٹھانا میرا (رشید کا) آئینی فرض ہے، حلف اٹھانے کے لیے وہ بھیک مانگنے پر مجبور ہو، یہ واقعی شرمناک ہے۔ نو منتخب لوک سبھا ممبران اسمبلی 24، 25 اور 26 جون کو حلف لیں گے۔راشد نے حلف اٹھانے اور اپنے پارلیمانی کام انجام دینے کے لیے عبوری ضمانت، یا متبادل حراست میں پیرول کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔