انجینئر رشید کی رہائی اچھا قدم:محبوبہ مفتی جیلوں میں مقیددیگرنوجوان بھی رہا کئے جائیں

 عظمیٰ نیوز سروس

اننت ناگ//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پی ڈی پی واحد پارٹی ہے جو جموں و کشمیرکے لوگوں کی شناخت، وسائل اور ملازمتوں پر بی جے پی کے حملے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔اننت ناگ میں اپنی پارٹی کے ایک اُمیدوار کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب ان کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی برسراقتدار تھی، اس نے جموں و کشمیر خصوصاً جنوبی کشمیر کے لوگوں کو مشکل وقت سے باہر نکالا جب اس علاقے کو پوٹا اور اسپیشل ٹاسک فورس کے بدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوںنے بتایا کہ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے لوگوں کے جذبات کی نمائندگی کرتی ہے، ان کی بات کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی واحد جماعت ہے جو ہماری شناخت، زمینوں اور ملازمتوں پر بی جے پی کے حملے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹ کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔اس جماعت نے کہا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے لیکن انہوں نے پچھلے10 برسوں میں ایک کروڑ نوکریاں بھی فراہم نہیں کیں۔ انہیں جھوٹ بولنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ پی ڈی پی صدرنے کہا کہ انجینئر رشید کو رہا کرنا اچھی بات ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہجیلوں میں بند ہمارے ہزاروں بے گناہ نوجوان بھی رہا کئے جائیں۔پی ڈی پی صدر کاکہناتھاکہ انجینئر رشید کی رہائی کے بعد ہم دیگر بے قصور نوجوانوں کے رہا ہونے کی اُمید کررہے ہیں۔