انجینئر رشید کا گورنر کو فون

سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی سربراہ انجینئر رشید نے گورنر ستہ پال ملک کے حریت پر دیئے گئے بیان کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کو زبانی بیانات سے ایک قدم آگے بڑھ کر اعتماد سازی کے اقدامات کو ممکن بنانا چاہیے تاکہ انکی سنجیدگی ثابت ہو جائے۔ انجینئر رشید نے گورنر کے ساتھ فون پر بات کی جسکے دوران انہوں نے انکی پیشکش کی تعریفیں کرتے ہوئے تہار اور دیگر جیلوں میں قید سیاسی قیدیوں کی رہائی کے اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تہار میں بند شاہد الاسلام کی رہائی کیلئے خصوصی کوشش کی جانی چاہیے کیونکہ جہاں وہ خود جیل میں بند ہیں انکی اہلیہ سخت علیل ہیں۔ انجینئر رشید نے گورنر سے کہا کہ اگر وہ واقعی حریت قیادت اور مخالف سوچ رکھنے والی دیگر قوتوں کی عزت اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پرواہ کرتے ہیں تو پھر جیلوں میں قید سیاسی قیدیوںکی فوری رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی، قاسم فکتو، مسرت عالم اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی سے ایک سنجیدہ سیاسی اور مذاکراتی عمل کیلئے موافق ماحول بنایا جا سکتا ہے۔انجینئر رشید نے گورنر سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلبا  کے خلاف فرد جرم عائد کئے جانے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ان طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔گورنر ملک نے انجینئر رشید کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مذاکراتی عمل شروع کرانا انکے حد اختیار میں نہیں ہے تاہم وہ دیگر سبھی معاملات کو لیکر متعلقین سے بات کریں گے۔