انجینئر رشید انتخابی دنگل میں شامل

سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں شرکت کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران پہلے مرحلے میں بارہمولہ اور جموں کی 2نشستوں کیلئے امیدواروںکی طرف سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔ عوامی اتحاد پارٹی سربراہ انجینئر رشید نے اعلان کیا ہے کہ وہ بارہمولہ نشست کیلئے انتخابات لڑیں گے جبکہ سرینگر کو چھوڑ کر اننت ناگ سے زبیر مسعودی، ادہمپور سے رئیس راتھر ،جموںسے شہزاد شبنم دیوان انتخابات لڑیں گے ۔ادھر بارہمولہ انتخابی نشست پر نیشنل کانفرنس کے محمد اکبر لون ،پی ڈی پی کے عبدالقیوم وانی اور پیپلز کانفرنس کے راجا اعجاز علی نے کاغذات داخل کئے۔ ریاست میں پہلے مرحلے پر11اپریل کو بارہمولہ اور جموں پارلیمانی نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ اس حلقہ انتخاب پر ایک آزاد امیدوارسید امیر سہیل نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ادھرادھمپور حلقہ انتخاب سے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سنیئر لیڈر ڈاکٹر جتند سنگھ نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔جموں، پونچھ نشست کیلئے بھاجپا امیدوار جگل کشور نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔اس نشست پر سبھاش چندر نے بھی بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کروائے ہیں۔