انجمن اردو صحافت کے بینر تلے عالمی سطح کے صحافیوں کا پونچھ دورہ

پونچھ//انجمن اردو صحافت کے بینر تلے جموں کشمیر کے عالمی سطح کے صحافیوں نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کر کے وہاں کے سیاسی ، سماجی، علمی منظر نامے کا مشاہدہ کیا۔اس دورہ کے دوران جامعہ ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیوٹ کے چیئرمین مولانا سعید احمد حبیب بانڈے کی جانب سے جامعہ کے احاطے میں صحافی برادری جن میں بی بی سی لندن اور وائس آف امریکہ کے بین الاقوامی صحافی اور براڈ کاسٹرز یوسف جمیل ا،ریاض مسرورکشمیر یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے مدرس ڈاکٹر راشد مقبول، سینئر صحافی ہارون ریشی،انجمن اردو صحافت جموں کشمیر کے صدر ریاض ملک،ناظم نذیر، بلال فرقانی، شیخ تجمل ،شوکت ساحل شامل ہیں کا جامعہ میں والہانہ استقبال کیا ۔اس دوران ایک مختصرتقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے موجودہ منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا اورپیر پنچال خطہ کے سماجی معاشی حالات پر روشنی ڈالی گئی ۔ اس دوران پونچھ کے شعرائے کرام جن میں شیخ سجاد پونچھی، کے ڈی مینی، محتشم احتشام ، عشرت بٹ، پروفیسر فتح محمد عباسی شامل ہیں نے اپنے اشعار پڑھ کر خوب دا وتحسین حاصل کی جب کہ نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔ اضافی ترقیاتی کمشنر پونچھ بشارت حسین انقلابی نے بھی اس دوران اظہار خیال کیا اور پرنسپل جے این بی وحید احمدبانڈے نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، دورہ کرنے والے صحافی پونچھ کے حالات اور ہندو مسلم بھائی چارے سے کافی متاثر ہوئے جس پر انھوں نے پونچھ کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب میں پروفیسر شمیم احمد بانڈے، بلاک ڈیو لپمنٹ افسر ننگالی خلیل احمدبانڈے،چیئر مین شہید منجیت سنگھ والی بال کلب پونچھ طارق خان، نسیم شیخ، وسیم حیدری، ظہیر عباس بھی موجودرہے۔