سرینگر//ریاستی سرکار نے کئی کے اے ایس افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات صادر کرتے ہوئے ریاست کے لیبر کمشنر ڈاکٹر عبدالرشید کو محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چار الگ الگ حکمنامے جاری کئے گئے جن کے تحت کئی کے اے ایس افسران کا تبادلہ عمل میں لایا گیا ہے۔ایک آرڈر کے مطابق جموں کشمیر کے لیبر کمشنر کے اے ایس آفیسر ڈاکٹر عبدلرشید اگلے احکامات تک اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ حکومت کے سیکریٹری برائے محکمہ اطلاعات کی اضافی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ ایک اور کے اے ایس آفیسر روہت کھجوریہ کو ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ جموں سے تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ کی خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے۔سرکاری حکمنامے کے مطابق اپنی تبدیلی کا انتظار کررہے کے اے ایس آفیسر اورٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی زنسکار کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا تبادلہ عمل میں لاکر انہیں کے اے ایس آفیسر امرجیت سنگھ کی جگہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کٹھوعہ(ہیڈکوارٹر لکھن پور) مقرر کیا گیا ہے۔امر جیت سنگھ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں اپنی اگلی تعیناتی کا انتظار کریں گے۔سرکاری ذرائع نے کے ا یم ا ین کو بتایا کہ ایک اور آرڈر کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر وویک شرما(کے اے ایس) کو تبدیل کرکے جموں کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ممبر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر فارنسک سائنس لیبارٹری جے اینڈ کے جتندر سنگھ(کے اے ایس) کا تبادلہ بھی عمل میں لایا گیا ہے اور انہیں روہت کھجوریہ کی جگہ ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ جموں تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔