سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کل کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ خطے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر سطح پر انتھک کوششیں کر رہی ہے ۔ مشیر کل لفٹینٹ گورنر کی شکائتی سیل چرچ لین سرینگر میں ہفتہ وار عوامی شنوائی پروگرام کے دوران وفود اور افراد سے تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ مشیر سے جموں کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے 114 وفود اور افراد ملے اور انہیں اپنی مانگیں اور مسائل پیش کئے ۔ سکمز جے وی سی کے پوسٹ اور انڈر گریجویٹ طلاب کے وفد نے سکمز اور جی ایم سی کالج میں تربیت دوبارہ شروع کرنے کی مانگ کی ۔ اسی طرح بٹہ مالو سرینگر اور راجوری سے آئے وفود نے سڑکوں پر میکڈم بچھانے کی مانگ کی ۔ وقف ملازمین کے ایک وفد نے ساتویں تنخواہ کمیشن کے واجبات اُن کے حق میں واگذار کرنے کی مانگ کی ۔ شوپیاں سے آئے وفد نے اُن کے علاقے میں کھیل میدان قائم کرنے کی مانگ کی ، بڈگام کے ایک وفد نے علاقے کی ندی کی صفائی اور مرمت کرنے کی مانگ کی تا کہ ان کی زمینوں کیلئے آبپاشی سہولیت فراہم ہو سکے ۔ دیگر وفود اور افراد جو بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، کپواڑہ ، رفیع آباد ، سوپور ، ترال ، کلگام ، اننت ناگ ، پانپور ، پلوامہ اور دیگر علاقوں سے آئے تھے ، نے مشیر کو اپنی مانگوں اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر نے افراد اور وفود کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مسائل کا جائیزہ لیکر انہیں حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے اُن کے محکمہ سے متعلق چند معاملات کے ضمن میں متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں ۔