بانہال // منگل کی شام برستی بارش میں سینکڑوں کی تعداد میں پولنگ کیلئے بلائے گئے ملازمین نے قصبہ رام بن میں شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا اور انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف شاہراہ پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ الیکشن ملازمین کے دھرنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی رک گئی ہے۔ احتجاجی مظاہروں پر آمادہ ملازمین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے پولنگ عملہ کیلئے کسی بھی قسم کے انتظامات نہ کئے جانے کے خلاف سینکڑوں الیکشن ملازمین احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ منگل کی صبح سے ہائیر سیکنڈری سکول رام بن اور ڈپٹی کمشنر رام بن کے احاطے میں برستی بارش میں دربدر بھٹکنے رہے ہیں لیکن انکی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق احتجاجی ملازمین نے منگل کی شام شاہراہ پر دھرنا دیکر شاہراہ کو ٹریفک کی امدورفت کیلئے منگل کی شام سے بند کردیا ہے اور رات ساڑھے آٹھ بجے تک یہ سلسلہ موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن کے پہنچنے کے باوجود بھی جاری تھا۔ ملازمین کا الزام ہے کہ ایک ہزار کے قریب ملازمین کو منگل کی صبح ہی ہائیر سیکنڈری سکول رام بن میں جمع ہونے کیلئے کہا گیا ہے لیکن ملازمین کیلئے کسی بھی قسم کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے حتی کہ ملازمین کیلئے چائے کا ایک کپ بھی نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے سینکڑوں ملازمین برستی بارش میں در بدر کر دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ الیکشن ملازمین کیلئے انتظامات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور منگل کی شام تک بھی سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین کو ان پولنگ سٹیشنوں تک پہنچانے میں انتظامیہ ناکام ہوئی ہے جہاں ان کی ڈیوٹی طے کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ جو ضلع الیکشن افسر بھی ہیں، موقعہ پر پہنچ گئے لیکن ملازمین انکی موجودگی میں بھی احتجاج کررہے تھے تاہم مسئلہ سلجھانے کیلئے فریقین میں بات چیت چل رہی تھی۔ پولنگ عملہ کو بدھ کے روز دور دراز کے علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر بھیجا جارہا ہے لیکن منگل کی صبح سے ہی برستی بارشوں نے الیکشن عملے اور انتظامیہ کیلئے مزید مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ آخری خبریں موصول ہونے تک الیکشن ملازمین شاہراہ پر احتجاجی دھرنے پر ہی تھے اور شاہراہ پر ٹریفک بھی متاثر تھا۔