’انتخابی مہم پر پابندی ‘کے باوجود جیت گیا:سلمان ساگر

سرینگر// اربن لوکل باڈیز کے ضمنی انتخابات میںسرینگر میونسپل کارپوریشن کے2وارڈوں سے جیت درج کرنے والے سرینگر کے سابق میئر اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر سلمان ساگر نے منگل کو کہا کہ ’’حکام کی طرف سے الیکشن مہم پر پابندیوں کے باوجود جیت درج کی ‘‘۔سلمان ساگر نے سولنہ اور صورہ حلقوں سے چنائو لڑا اور دونوں جگہوں سے کامیابی حاصل کی ۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سلمان ساگر نے کہا ’’جہاں تک انتخابی مہم کا تعلق ہے تو ہم مجموعی طور پر مطمئن نہیں تھے۔ ہمیں مہم چلانے کی اجازت نہیں تھی ، مناسب سکیورٹی نہیں دی گئی تھی اور لوگوں سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔ ہر موقع پر ہمیں راستے میں روک دیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ چنائو کیلئے انتخابی مہم یکطرفہ رہی مگر ہم نے اللہ تعالیٰ کے بعد لوگوں پر بھروسہ کیا اور ایکزٹ پول کے جو رحجانات آئے اور نتایج گپکار الائنس کے حق میں آئے۔دریں اثناء شدید سردی کے بیچ شیر کشمیر انٹر نیشنل کانفرنسسنٹر سرینگر میں سلمان ساگر صبح 9بجے ہی پہنچے تھے اور انہیں دونوں وارڈں سے جیت نظر آرہی تھی ۔سلمان ساگر نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور سری نگر کے لوگوں کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے انہیں مینڈیٹ دیا اور ان پر "اعتماد ظاہر کیا"۔انہوں نے کہا کہ دو سیٹوں سے جیتنا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ نیشنل کانفرنس سرینگر میں مضبوط ہے ۔انہوںنے کہا’’ میں نے ہمیشہ خانیار سے الیکشن لڑا ہے اور اسی طرح میرے والد (علی محمد ساگر) بھی لڑ چکے ہیںمگر اس بار میں نے 2 مختلف وارڈوں سے کامیابی حاصل کی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ شہر سرینگر کو ترقی کے منازل کی طرف لے جانے میں وہ کام کریں گے اورلوگوں کی خدمت کریں گے۔