عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے عوام کو ہندوستان کے آئین اور اس کے جمہوری اداروں بشمول سپریم کورٹ پر بھروسہ ہے کی بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں میں بے روزگاری پریشان کن صورتحال ہے ۔ سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے باشندوں نے ہمیشہ ہندوستان کے جمہوری نظام پر یقین کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ خطے کے عام لوگوں بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کے تحفظات اور توقعات کو مدنظر رکھے گی۔انہوں نے کسانوں، مزدوروں اور دکانداروں کو درپیش چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی روزمرہ کی جدوجہد کو ملک کی اعلیٰ عدالت کو سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق سب سے زیادہ پریشان کن تشویش جموں و کشمیر میں نوجوانوں میں بے روزگاری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ منظر نامے سے ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے۔
آیا جموں و کشمیر پر عوام کے منتخب کردہ لیڈروں کے ذریعے حکومت کی جانی چاہیے یا ایسے افراد کے ذریعے جو کئی سالوں سے انتخابی مینڈیٹ کے بغیر اقتدار میں ہیں۔چودھری نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ نہ صرف قانونی ہوگا بلکہ اس سے خطے کے عوام کے لیے بھی گہرا پیغام جائے گا جنہوں نے جمہوری عمل میں حصہ لیا اور منتخب نمائندوں پر اعتماد کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کل سرینگر شہر کا ایک وسیع دورہ کیا اور لال چوک حلقہ انتخاب میں واقع گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ، گورنمنٹ کالج فار ویمن اور حبہ کدل حلقہ انتخاب میں مجوزہ بربرشاہ پُل ، پرانا حبہ کدل پُل اور پادشاہی باغ روڈ کا معائینہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن اور گورنمنٹ کالج فار ویمن کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زیر التوا کاموں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے اور مواد کے معیار پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ انہوں نے دورے کے دوران طلبہ ، اساتذہ اور دیگر عملے کے ارکان سے بھی بات چیت کی ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے مجوزہ بربر شاہ پُل کے مقام کا معائینہ کیا جو رتا رانی نئی سڑک سے بنڈ ایکسچینج روڈ تک 100 میٹر کے واضح فاصلے کے ساتھ بنایا جا رہا ہے ۔ اس نئے پُل کی تعمیراتی لاگت 15.25 کروڑ روپے ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ میں ایک 2 لین پلیٹ گرڈرپُل کی تعمیر شامل ہے جس میں 7.50 میٹر چوڑی سڑک اور دونوں طرف 1.50 میٹر چوڑے فُٹ پاتھ ہوں گے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ کی تجویز کا جائیزہ لیا اور حکام نے انہیں تکنیکی تفصیلات اور عملدرآمد کے منصوبے کے بارے میں بریف کیا ۔ اس کے بعد انہوں نے آر اینڈ بی ڈویژن سرینگر کو ہدایت دی کہ وہ یوٹیلیٹیز کی منتقلی ، زمین کے حصول اور تکنیکی عملی امکان سمیت تمام اجزاء کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ ( ڈی پی آر ) تیار کرے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے حبہ کدل علاقے کا بھی دورہ کیا تا کہ پرانے حبہ کدل پُل کی موٹر گاڑیوں کیلئے صلاحیت کا جائیزہ لیا جائے اور آر اینڈ بی ڈویژن کرن نگر کو ہدایت دی کہ حالیہ سیلاب کے بعد نقصان شدہ ڈیکنگ کی مرمت کے ساتھ ساتھ اس کی ساختی سلامتی کا جائیزہ لیا جائے ۔ بعد میں پادشاہی باغ میں آنے والے دنوں میں ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کئے جانے والے کاموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔