اموات کا سلسلہ روکنا اولین ترجیح ،ہلاکتوں کے پیچھے وجوہات کا جائزہ لیں گے:عمر عبداللہ
بشارت راتھر
بڈھال( راجوری)// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو بڈھال گا ئوں کا دورہ کرکے ان متاثرہ اہل خانہ سے ملاقات کی جن کے 17افراد نے المناک طور پر یکے بعد دیگرے اپنی جانیں گنوائیں، جس سے تین خاندان متاثر ہوئے۔وزیر اعلیٰ بعد دوپہر ایک بجے بڈھال گائوں پہنچ گئے اور وہ محمد اسلم اور محمد رفیق کے گھروں میں بھی گئے، جہاں انہوں نے بچے ہوئے اہل خانہ سے ملاقات کی ، انہیں گلے لگایا اور انکی ڈارس بندھائی۔ وزیر اعلیٰ اس نئے قبرستان میں بھی گئے جہاں معصوم بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے13افراد کو دفن کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہاں فاتحہ خوانی بھی کی اور یہاں جمع ہوئے مقامی لوگوں کیساتھ بات چیت بھی کی۔وزیر اعلیٰ گائوں میں تقریباً ایک گھنٹہ تک رہے۔اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کو ان کی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔اس دورے کے دوران ان کے ساتھ کابینہ کے وزیر جاوید رانا اور بدھل کے ایم ایل اے جاوید اقبال چوہدری بھی تھے۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترجیح مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا اور بدقسمت اموات کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کرنا ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سانحہ کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہے۔ انہوں نے کہا”سول انتظامیہ اور محکمہ صحت اس معاملے کو فعال طور پر حل کر رہے ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی ہے۔ مزید برآں، ایک مرکزی ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے ، جواس بدقسمت جانی نقصان کے پیچھے وجوہات کا پردہ فاش کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔ دورے کے دوران ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چوہدری نے متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی تجویز پیش کی‘‘۔وزیراعلی نے تصدیق کی کہ تجویز زیر غور ہے اور بروقت کارروائی کا وعدہ کیا۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس مشکل وقت میں اہل خانہ کی ہر طرح کی مدد کریں۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تحقیقات کے نتائج کو شفاف بنایا جائے گا اور نتائج کی بنیاد پر مناسب اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا، میں ہر ایک سے اپیل کرتا ہوں کہ متعلقہ ایجنسیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے دیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ابھی تک گائوں میں 17 پراسرار اموات کی وجہ معلوم نہیں کر سکی ہے۔گاں کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح موت کے اس چکر کو روکنا ہے اور اسے 17 سے آگے نہیں جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحت دیگر محکموں کے ساتھ مل کر ان اموات کی وجہ کو سمجھنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، “ٹیسٹ کیے گئے، اور ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ کوئی بیکٹیریا یا وائرس نہیں تھا جو ان اموات کا سبب بنے۔”انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اموات تین خاندانوں میں ہوئی ہیں۔ “لیکن، ہمیں ابھی تک ان اموات کی وجہ نہیں مل سکی ہے۔ چونکہ یہ کوئی بیماری نہیں ہے اس لیے پولیس بھی اس میں ملوث ہے اور انہوں نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ٹیم بھی گائوں پہنچی ہے، اور ہم مل کر ان اموات کی وجوہات کا جائزہ لیں گے،” ۔