نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران جموں وکشمیر کو ہر لحاظ سے اندھیروں میں دھکیلا گیا،حالات کی ابتری، بے چینی، افراتفری، فرقہ پرستی، خوف و دہشت، کورپشن، بے روزگاری اور اقتصادی بدحالی کے سوا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ یہاں کے عوام نے موجودہ ایام میں جو مصائب، مظالم اور مشکلات جھیل رہے ہیں اُن کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ وہ کپوارہ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ یہاں مسلسل بے چینی سے کاروبار، تجارت، تعلیم، روزگار ، عام زندگی یہاں تک کہ سرکاری مشینری سمیت ہر ایک شعبہ غیر یقینیت کی نذر ہوگیا ہے اور عوام کو دور دور تک روشنی کی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نئی دلی کو جموں و کشمیر میں امن و امان کی فضا قائم کرنے کیلئے یہاں کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق بحال کرنے چاہئیں اور اس عمل میں جتنی دیر لگائی جائے گی حالات اُتنے ہی پیچیدہ ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و اتفاق میں قائم رکھیں کیونکہ اسی میں ہماری کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جموں وکشمیر کیخلاف اس وقت جو پہاڑ جیسی سازشیں رچائی جارہی ہیں اور لوگوں کا ایمان خریدنے کیلئے جس پیمانے پر زرکثیر خرچ کیا جارہاہے ، ایسی صورتحال میں ہمیں پُرعزم، ثابت قدم رہ کر قوم اور وطن پرستی کا مظاہرہ کرکے مل جل کا چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہے۔