جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ،اسکامستقبل بھارت کیساتھ جڑا ہوا : لیفٹیننٹ گورنر
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ماضی کا ہنگامہ خیز وقت جموں و کشمیر میں کبھی واپس نہیں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی کی موجودہ حالت اس کی اپنی حالت زار کے بارے میں بولتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر آئی آئی ایم جموں میں ایم ایس ایم اِی سیکٹر میں اختراع، سرمایہ کاری اور صنعت کے فروغ پر منعقدہ نیتی آیوگ کے ورکشاپ میں بول رہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’ترقی،فروغ پذیر کاروبار اور ایک مستحکم سیاحتی صنعت کے لئے امن ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں’امن کے شراکت داروں‘کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہے ہیں جو خطے میں مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کا مستقبل بھی بھارت کے ساتھ ہے، دنیا کی کوئی طاقت جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ نہیں کر سکتی۔‘‘انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مستقبل مضبوطی سے ملک کی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔امن کو برقرار رکھنے میں عام لوگوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے، ایل جی نے کہا، “امن کو برقرار رکھنا صرف پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ذمہ داری نہیں ہے، لوگوں کا اہم کردار ہے کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر امن قائم نہیں رہ سکتا۔ کسی اور سے زیادہ، یہ عام لوگ ہیں جو امن سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں، کیونکہ ان کا مستقبل، کاروبار اور ترقی اسی سے منسلک ہے۔”انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں استحکام کو یقینی بنانے میں سیکورٹی فورسز کی مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی مخالفانہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار، سیاحت اور مجموعی ترقی جموں و کشمیر میں استحکام ،امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔اُنہوں نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں نیتی آیوگ، آئی آئی ایم جموں اور دیگرشراکت داروں کو ورکشاپ کے لئے پالیسی سازوں ، صنعتی ماہرین، کاروباری اَفراد اور دیگر رہنمائوں کو اِکٹھا کرنے کے لئے مُبارک باد دی جس کا مقصد جموںوکشمیر کی معیشت کے تین اہم شعبوں ٹیکسٹائل، فوڈ پروسسنگ اور سیاحت میں مواقع اور چیلنجوں پر غور و خوض کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے گزشتہ چند برسوں میں مقامی کاروبار کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لئے اہم اصلاحات کی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ نئی صنعتی سکیم کے تحت مراعات نے جموں و کشمیر کے صنعتی منظرنامے کو تبدیل کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے جبکہ خطے میں امن و استحکام نے سیاحت اور مہمان نوازی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری میں بھی اِضافہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ جموں و کشمیر کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہینڈلوم سیکٹر کو بحال کیا گیا ہے اور بہتر مارکیٹ لنکیج کے ذریعے اس کی مصنوعات کو عالمی سطح پر پہچان ملی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اِس شعبے میں ہمارے ایم ایس ایم ایز نئے چیلنجوں کا سامنا کریں گے اور نئے مواقع سے فائدہ اُٹھائیں گے۔‘‘