امشی پورہ شوپیاں انکائونٹر کی ہلاکتیں

 راجوری //رواں برس کے جولائی ماہ میں شوپیاں میں ہوئے مبینہ فرضی انکائونٹر اور راجوری کے 3نوجوانوں کی مشکوک گمشدگی و ہلاکت کے سلسلہ میں لواحقین پر مشتمل ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان سے ملا قات کی ۔وفد میں شامل اراکین نے نوجوانوں کی مبینہ جعلی انکائونٹر میں کی گئی ہلاکت کیساتھ منسلک پورا واقعہ کے بارے میں مشیر کو آگاہ کیا ۔وفد میں رشتہ داروں کیساتھ ساتھ علاقہ کے سرپنچ اعجاز احمد ودیگران بھی شامل تھے ۔سرپنچ نے بتایا کہ واقعہ کے سلسلہ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کو پوری جانکاری فراہم کی گئی جبکہ انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ فرضی انکائونٹر میں ہلاک ہوئے نوجوانوں کے ڈی این اے کی رپورٹ کو جلدازجلد سامنے لایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تینوں نوجوان بے گناہ تھے اور وہ وادی میں محنت مزدوری کیلئے گئے ہوئے تھے ۔مشیر نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ پہلے سے ہی لیفٹیننٹ گورنر کے نوٹس میں ہے جبکہ انہوں نے اس سلسلہ میں مکمل تحقیقات کی یقین دہانی بھی کروائی ۔