واشنگٹن//یواین آئی//امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی وبا کووڈ 19 کی نئی قسم کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہندوستان پر سفری پابندیاں عائد کرنے کافیصلہ کیا ہے جو 4 مئی سے نافذ ہوں گی ۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے بھارت میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور بھارتی شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔ جین پساکی کے مطابق بھارت سے امریکا آنے والی تمام پروازوں پر پابندی ہوگی جب کہ پابندی کا اطلاق 4 مئی سے ہوگا۔ان کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے پابندی کا فیصلہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز کے مشورے پر کیا۔ امریکی شہریوں کے علاوہ بھارت سے کوئی بھی مسافر 14 روز تک امریکا نہیں آسکتا۔برطانیہ، امریکا اور جرمنی سمیت پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیش کش کی ہے۔کورونا کیسز کی تعداد کے نتاظر میں امریکا کے بعد بھارت کا شمار ہوتا ہے جہاںکورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 832 ہوگئی ہے۔گزشتہ ہفتے بھارتی وزیرِ صحت نے ملک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا.وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ مہاراشٹر سے حاصل نمونوں میں نئی قسم کے کورونا وائرس کی موجودگی کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔