امرناتھ یاترا2022 | ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے انتظامات کا جائزہ لیا

عازم جان
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے امرناتھ یاترا2022 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کی میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس محمد زاہد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بانڈی پورہ علی افسر خان، پروگرام افسر آئی سی ڈی ایس بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بانڈی پورہ پرویز رحیم، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، ایس ڈی ایم سمبل نے شرکت کی۔ڈاکٹر اویس نے صحت، آر اینڈ بی، جل شکتی اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت مختلف محکموں کے ذریعہ کئے گئے کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افراد پر زور دیا کہ یاترا کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی کے مطابق تمام انتظامات کو صحیح طریقے سے نافذ کیا جانا چاہئے۔ ڈی سی نے متعلقہ لوگوں سے کہا کہ 2022 کے لیے تمام بنیادی ڈھانچے کو یاترا کے آغاز سے پہلے فعال بنایا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر اویس نے کہا کہ یاترا کے راستے اور ٹرانزٹ کیمپ کے اندر اسٹالز کی تنصیب مناسب سیکورٹی چیک اپ اور سیکورٹی ایجنسیوں سے ضروری اجازت کے بعد کی جانی چاہئے۔ ڈی سی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مین پاور کو متحرک رکھیں اور اعلیٰ ترین چوکسی برقرار رکھیں۔