اشفاق سعید
سرینگر// سالانہ یاترا سے کچھ روز قبل، امرناتھ گھپا کے آس پاس اور گلمرگ و شوپیان کے بالائی علاقوں میں سنیچر کو ہلکی برف باری ہوئی۔ ہفتہ کو وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور خشک نالوں میں پانی کی بہار آئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 21جون تک بے ترتیب موسم رہیگا۔اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارشیں ہونگی۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر موسم خراب رہے گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ سنیچر کی صبح سے ہی افروٹ گلمرگ میں ہلکی برفباری ہوئی اور قریب2انچ برف ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں دن بھر قریب 30ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ امر ناتھ گھپا،شیش ناگ، پنجترنی اور ملحقہ علاقے میں ایک سے دو انچ برف ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ شوپیان کے بالائی علاقوں اورپیر کی گلی ائریا میں ہلکی برفباری ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ اس 30 جون کو یاترا شروع ہونے سے پہلے امرناتھ غار اور اس کے آس پاس ہلکی برف باری ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ غار میں زمین پر 1 سے 2 انچ برف جمع ہوئی ہے۔غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلا، کھلن مرگ، گگن گیر ،کلن، گنڈ ، وسن اورہاری پورہ میں جمعہ کی شب سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو سنیچرصبح سے دن بھر جاری رہا ۔شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ امرناتھ گھپا اور پنجترنی میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ دو مقامات پر ڈیڑھ سے دو انچ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی۔ مشتاق الحسن کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور دیگر معاون پہاڑیوں پر تازہ برفباری ہونے سے شدید سردی پیدا ہوگئی ہے۔ گلمرگ گنڈولہ کیبل کار کے دونوں مرحلوں کو بند کیا گیا ہے۔عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ کے دوردراز بہک لشہ کوٹ میں تیز آندھی کی وجہ سے درخت گرنے کی زد میں آنے سے6 سالہ بچہ دم توڑ بیٹھا جبکہ ماں زخمی ہوئی۔ گذشتہ رات کو لشہ کوٹ بہک میں دوڈہ خان کے رہائشی خیمہ پر بھاری بھرکم درخت گرا اور اس کیزد میں آنے سے 6سال کا یاسر کسانہ ولد شیر کسانہ موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھا جبکہ 40 سالہ خاتون زرینہ زوجہ شیر کسانہ شدید زخمی ہوگئی۔ زخمی حالت میں خاتون کو ہسپتال پہنچایا گیا۔دریں اثناء وادی بھر میں موسلادھار بارشیں ہونے کی وجہ سے خشک ندی نالے سیراب ہوگئے ہیں۔ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور خشک سالی کی کیفیت کم ہوگئی ہے۔
باغ مالکان دواپاشی سے پرہیز کریں
چٹانیں کھسکنے کا خطرہ
اشفاق سعید
سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے جس دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے باغ مالکان سے 22 جون تک میوہ باغات میں درختوں کی دوا پاشی کرنے سے پر ہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی لاحق ہیں جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔محکمہ موسمیاتی کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے ڈرائیوروں کومشورہ دیاکہ وہ مٹی کے تودے اورچٹانیں گرآنے والے علاقوں سے گاڑی چلانے سے گریز کریں۔